"ZIC" (space) message & send to 7575

باپ بیٹے اور خانہ پُری

سفید گھوڑا
بچہ سکول سے آیا تو اپنے باپ سے بولا:
ابا جان شہر میں سرکس آئی ہوئی ہے‘ مجھے دکھا لائیں نا!
بیٹا‘ کسی اور کو ساتھ لے جائو‘ میں اس عمر میں سرکس دیکھتا کوئی اچھا لگوں گا؟ باپ بولا۔
نہیں ابا جان اس میں ایک سنہری بالوں والی لڑکی سفید گھوڑے پر کھڑی ہو کر ڈانس بھی کرتی ہے!
اچھا‘ تم کہتے ہو تو چلا چلتا ہوں‘ مجھے بھی سفید گھوڑا دیکھے ایک زمانہ ہو گیا ہے‘ باپ بولا۔
خود ہی
بیمار یہودی کا آخری وقت آیا تو اس کے بیٹے آ کر اس کے پاس بیٹھ گئے ایک بولا قبرستان یہاں سے کافی دُور ہے اور گرمی بھی پڑ رہی ہے‘ والد صاحب کو قبرستان کیسے لے جایا جائے گا؟
ایمبولینس کا انتظام کر لیتے ہیں، ایک بولا۔
تمہارا دماغ خراب ہے؟ وہ کم از کم دو ہزار لے گا! بڑا بولا۔
ٹرک کر لیتے ہیں‘ منجھلے نے کہا۔
بیوقوف! وہ بھی ہزار سے کم نہیں لے گا‘ اسے جواب ملا۔
گدھا گاڑی کر لیتے ہیں‘ ایک بولا۔
وہ بھی پانچ سو تو ضرور لے گا‘ بڑا بولا۔
اتنے میں بڑے میاں اُٹھ کر بیٹھ گئے اور بولے:
''تم کیوں جھگڑتے ہو‘ میں پیدل ہی چلا جاتا ہوں‘‘۔
سالگرہ
یہودی نے اپنے تین سالہ بچے کی سالگرہ پر ایک چمکدار سکہ اور سو روپے کا نوٹ رکھ کر اسے کہا:
ان میں سے جو پسند ہو‘ لے لو!
بچے نے سکے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا:
میں یہ لوں گا لیکن اُس میں لپیٹ کر!
گھڑی چور
ایک گھڑی چور نوجوان کو پولیس نے جب تیسری بار مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا تو اس کا باپ بھی ساتھ تھا۔ مجسٹریٹ نے پوچھا یہ کون ہے تو تھانیدار بولا:
یہ اس کا باپ ہے‘ اس پر مجسٹریٹ نے باپ سے کہا:
تم بیٹے کو سمجھاتے کیوں نہیں؟
جناب! میں تو اسے بہت سمجھاتا ہوں لیکن یہ کم بخت پھر پکڑا جاتا ہے‘ باپ نے جواب دیا۔
دوسری بلّی
ایک چور رات کے وقت واردات کی غرض سے اپنے بیٹے کو بھی ساتھ لے گیا کہ یہ بھی اس فن میں مہارت حاصل کر لے۔ وہ ایک گھر میں گھسے‘ جس کمرے میں مالک مکان سو رہا تھا، وہاں باپ کا پائوں کسی چیز سے ٹکرایا تو مالک مکان جاگ کر بولا:
کون ہے؟ اس پر چور نے میائوں کی آواز نکالی تو وہ ''اچھا‘‘ کہہ کے پھر سو گیا۔
تھوڑی دیر بعد اندھیرے میں اس کے لڑکے کا پائوں کسی چیز سے ٹکرایا تو وہ پھر جاگ کر بولا:
کون ہے؟ اس پر لڑکے نے جواب دیا: دوسری بلی...!!
ضرورت نہیں ہے
ایک لڑکا کسی کے باغ میں آم کے درخت پر چڑھ کر آم چوری کر رہا تھا کہ باغ کا مالک بھی آ پہنچا اور لڑکے سے بولا:
نیچے اترتے ہو یا تمہارے باپ کو بلائوں؟
جس پر لڑکا بولا: انہیں بلانے کی ضرورت نہیں
اس پر مالک نے کہا: کیوں؟
تو لڑکے نے جواب دیا: اس لیے کہ وہ ساتھ والے درخت پر چڑھے ہوئے ہیں!
حساب
دوسری جماعت کے بچوں کو حساب پڑھانے کے بعد استاد نے ایک لڑکے سے سوال کیا: بتائو‘ اگر تمہارا باپ مجھ سے پچاس روپے اُدھار لے جائے اور ان میں دس روپے واپس کر دے تو اس کے ذمے کتنے روپے باقی رہ گئے؟
کچھ بھی نہیں‘ بچے نے جواب دیا۔
اس کا مطلب ہے تم حساب نہیں جانتے‘ استاد بولے۔
جناب میں تو حساب جانتا ہوں‘ آپ میرے باپ کو نہیں جانتے‘ بچے نے جواب دیا۔
اور‘ اب آخر میں خانہ پُِری کے طور پر یہ تازہ غزل :
جو یقین ہے گماں بھی ہوتا ہے
فائدے میں زیاں بھی ہوتا ہے
خوش پھرو گے زمین پر کب تک
اُوپر ایک آسماں بھی ہوتا ہے
اور‘ ہمارے یہاں نہ ہونے میں
کچھ ہمارا نشاں بھی ہوتا ہے
جس میں کوئی بھی رہ نہیں سکتا
ایک ایسا مکاں بھی ہوتا ہے
حُسن ہوتا ضرور ہے‘ لیکن
اُس میں حسنِ بیاں بھی ہوتا ہے
ایک ہوتا ہے یہ مُسافرِ دل
اور‘ یہی کارواں بھی ہوتا ہے
ہیں خُدا کی صفات اُس میں بھی
جو یہاں ہے وہاں بھی ہوتا ہے
دُور جانے کی ہے ضرورت کیا
اب وہ دھندا یہاں بھی ہوتا ہے
اُس سے کیا ملنے آئو گے کہ ظفرؔ
نہیں ہوتا جہاں بھی ہوتا ہے
آج کا مقطع
انہیں میں کیسے کہوں بے ایمان‘ ظفرؔ
جو میرے سامنے ایمان دار ہو گئے ہیں

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں