فرضی خرابی کا جواز، فیسکو ڈویژن ٹوبہ بھاری ڈی ٹیکشن بل بھجوانے میں مصروف

فرضی خرابی کا جواز، فیسکو ڈویژن ٹوبہ بھاری ڈی ٹیکشن بل بھجوانے میں مصروف

شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا، فیسکو کے زیر انتظام علاقوں میں نصب میٹروں کی اکثریت ناقص ہو چکی، از خود ڈی ٹیکشن ، زائد ریڈنگ بل بھجوانے والے اہلکاروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ،صارفین

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نامہ نگار) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) ڈویژن ٹوبہ ٹیک سنگھ کے حکام نے مبینہ طور پر ملی بھگت سے بجلی چوری کے نتیجے میں اپنے بھاری لائن لائسز پر قابو پانے کے لئے صارفین کو بڑے پیمانے پر ناجائز ڈی ٹیکشن اور زائد ریڈنگ کے بل جاری کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جس سے مقامی شہری شدید مشکلات کا شکار ہو کر رہ گئے ہیں ،صارفین کا کہنا ہے کہ فیسکو ڈویژن کے زیر انتظام علاقوں میں نصب بجلی میٹروں کی اکثریت ناقص ہو چکی ہے اور فیسکو افسروں کے ایما پر ملازمین کا مخصوص گروہ از خود مذکورہ بجلی میٹروں کی اکھاڑ بچھاڑ کے بعد فرضی خرابی کو جواز بنا کر صارفین کو بھاری ڈی ٹیکشن بل بھجوانے میں مصروف ہے جبکہ فیسکو حکام ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس مد میں صارفین کو 6ماہ سے لے کر ایک سال تک کے یونٹس کا ڈی ٹیکشن بل بھجوا رہے ہیں جو سراسر غیر قانونی ہے کیونکہ واپڈا قوانین کے مطابق اس مد میں کسی بھی صارف کو 3ماہ سے زائد کا بل نہیں ڈالا جا سکتا ،صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ فیسکو کے میٹر ریڈرز اور دیگر متعلقہ حکام بھی اپنے لائن لائسز پورے کرنے کیلئے صارفین کو زائد یونٹس کے بل بھجوا کر دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں ،اس صورتحال کے باعث اس وقت بھی فیسکو کی تمام سب ڈویژنوں میں ڈی ٹیکشن اور زائد ریڈنگ کے بلوں کیخلاف بھاری تعداد میں صارفین کی درخواستیں زیر التوا چلی آ رہی ہیں ،بجلی کے صارفین نے چیف ایگزیکٹو فیسکو سے مطالبہ کیا کہ لوگوں کو نا جائز ڈی ٹیکشن اور زائد ریڈنگ کے بل بھجوانے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے اور صارفین جتنی بجلی استعمال کرتے ہیں اس کی ماہانہ ریڈنگ کے مطابق بجلی کے بل وصول کئے جائیں ،نیز صارفین کو از خود ڈی ٹیکشن اور زائد ریڈنگ کے بل بھجوانے والے اہلکاروں کیخلاف بھی سخت انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں