پرائس کنڑول ناکامی ، دکانوں کی رجسڑیشن میں جعلسازی
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے) فیصل آباد میں پرائس کنٹرول کی ناکامی کی بڑی وجہ سامنے آگئی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو اور ڈسٹرکٹ آفیسر محکمہ ماحولیات جوہر عباس رندھاوا کی کام چوری کھل کر سامنے آگئی۔۔۔
ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز پنجاب نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کو دونوں کام چور اافسروں کے خلاف پرائس مجسٹریٹ ایپ میں بوگس انٹریاں کرنے پر انکوائری کرکے سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کردی ۔پنجاب حکومت کی جانب سے گرانفروشی کو روکنے کیلئے لوکل گورنمنٹ اور بلدیاتی اداروں سمیت دیگر کئی اداروں کے افسروں کو سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اضافی چارج دئیے گئے اور ان افسروں کو دکانوں کی رجسٹریشن کرکے ایک مخصوص ایپلی کیشن پرائس مجسٹریٹ ایپ میں آن لائن ڈیٹا درج کرنے کا حکم دیا گیا تاکہ دکانوں کے معائنے کا عمل آسان ہوسکے اور گرانفروشی کی روک تھام میں مدد ملے اب تک صوبے بھر میں 150,000سے زائد دکانیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں لیکن ڈیٹا انٹری کی جانچ پڑتال کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ فیصل آباد کے افسروں نے کام چوری کا مظاہرہ کیا چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو اور ڈسٹرکٹ آفیسر محکمہ ماحولیات جوہر عباس رندھاوا نے دکانوں کی رجسٹریشن میں جعلسازی کرتے ہوئے سرکاری احکامات کی شدید خلاف ورزی کی اور انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ سمیت پنجاب حکومت کو بھی گمراہ کیا دونوں افسروں نے ایپ میں بوگس ڈیٹا کا اندراج کیا ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز پنجاب کی جانب سے اس جعلسازی پر ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کو انکوائری کرنے اور ملز موں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی گئی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو کے خلاف تعیناتی سے لے کر اب تک کرپشن کے متعدد چارجز لگتے رہے ہیں لیکن چیف آفیسر کے خلاف کوئی ٹھوس کارر وائی عمل میں نہیں لائی جا سکی ذرائع سے یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو فیصل آباد کی ایک بااثر سیاسی شخصیت کی آڑ میں اپنی سیٹ پر موجود ہیں اور ہر طرح کی انکوائری سے بچ کر کلین چٹ لینے میں کامیاب ہوجاتے ہیں ذرائع کا دعوی ہے کہ چیف آفیسر کے اثر و رسوخ کے باعث ڈسٹرکٹ آفیسر محکمہ تحفظ ماحولیات جوہر عباس رندھاوا کو بھی انکوائری میں کلین چٹ مل سکتی ہے شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق پرائس کنٹرول میں کوئی نرمی نہ برتی جائے اور دونوں افسروں کے خلاف سخت محکمانہ کار روائی کی جائے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ کوئی بوگس انٹری نہیں کی گئی چند دکاندار شناختی کارڈ دینے سے گریزاں تھے تاہم تمام دکانوں کو ذاتی حیثیت میں وزٹ کیا ہے دوسری جانب رابطہ کرنے کی بار بار کوشش پر بھی ڈسٹرکٹ آفیسر محکمہ تحفظ ماحولیات جوہر عباس رندھاوا نے ہی افسر شاہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے موقف دینے سے گریز کیا۔