بلدیاتی انتخابات کی آمد:چناب نگر میں سیاسی سرگرمیاں تیز
حصہ لینے کے خواہش مند امیدوار اپنی خدمات عوام کے سامنے پیش کر رہے
چناب نگر (نامہ نگار)متوقع بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے پیش نظر شہر و علاقہ میں سیاسی سرگرمیاں تیزی سے شروع ہو گئی ہیں جبکہ سیاسی بساط بچھنے کی تیاریاں بھی زور پکڑ رہی ہیں۔بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدواروں نے سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے اپنی خدمات عوام کے سامنے پیش کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ امیدوار مختلف سماجی تقریبات اور خوشی و غمی کی محافل میں بھی نمایاں طور پر شرکت کر رہے ہیں۔مقامی ذرائع کے مطابق اس بار بلدیاتی سیاست میں زیادہ تر نئے اور نوجوان چہرے سامنے آ رہے ہیں جو پہلی مرتبہ انتخابی میدان میں اترنے کے لیے سرگرم ہیں۔سیاسی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے انتخابات کا وقت قریب آ رہا ہے ، آئندہ دنوں میں سیاسی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے ۔