سیدنا عثمان غنیؓ کا نظامِ خلافت مشعلِ راہ ، آصف رضا قادری
آپؓ نے مشکل ترین اوقات میں اپنے مال و دولت سے اسلام کی خدمت کی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضا قادری نے کہا ہے کہ حضرت سیدنا عثمان غنی ذوالنورین رضی اللہ عنہ کا نظامِ خلافت عالمِ انسانیت کے لیے عظیم رہنمائی کا سرچشمہ ہے ۔ آپؓ نے مشکل ترین اوقات میں اپنے مال و دولت کے ذریعے اسلام کی بے مثال خدمت کی اور رفاہِ عامہ کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔وہ جامع مسجد نبوی اسلم پارک میں حضرت سیدنا عثمان غنی ذوالنورین رضی اللہ عنہ کے یومِ شہادت کے سلسلے میں منعقدہ ‘‘عظمت و شانِ سیدنا عثمان غنیؓ سیمینار’’ سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ نے اپنے دورِ خلافت میں مدینہ منورہ کو ایک مثالی ریاست کی شکل دی۔ آج کے حکمرانوں کو خلفائے راشدین کے طرزِ حکمرانی سے سبق حاصل کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کے جاں نثار ساتھیوں، صحابہ کرامؓ کا تذکرہ قرآنِ مجید میں نہایت عمدہ انداز میں بیان کیا گیا ہے اور ان کی قربانیوں، کردار اور محنت کی بدولت اسلام کا پیغام دنیا بھر میں پھیلا۔پیر میاں محمد آصف رضا قادری نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک تمام مقدس ہستیوں کی حرمت اور شعائرِ اسلام کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحابہ کرامؓ کی سیرت امت مسلمہ کے لیے اتحاد، ایثار اور استقامت کا بہترین نمونہ ہے ۔