ٹوبہ :آوارہ کتوں کی بھرمار، شہری خوف و ہراس میں مبتلا
لوکل گورنمنٹ کی مبینہ غفلت، روزانہ ڈاگ بائٹ کیسز رپورٹ ہو رہے
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )محکمہ لوکل گورنمنٹ کی مسلسل غفلت کے باعث شہر اور گردونواح کے دیہات میں آوارہ کتوں کی بھرمار نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ اندرون شہر اور دیہی علاقوں میں آوارہ کتوں کے غول دن رات دندناتے پھر رہے ہیں۔شہریوں کے مطابق اس صورتحال کے باعث خواتین، بچے ، بزرگ، کسان اور نمازی شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ صبح و شام مساجد جانا، بچوں کا سکول پہنچنا اور دیہات میں کھیتوں تک جانا انتہائی مشکل ہو چکا ہے ۔مقامی ذرائع کے مطابق محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے آوارہ کتوں کی تلفی کے لیے مبینہ طور پر ہر ماہ لاکھوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں، تاہم عملی طور پر صورتحال بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہو رہی ہے ۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمیت مختلف مراکز صحت میں روزانہ کتوں کے کاٹنے کے درجنوں کیس رپورٹ ہو رہے ہیں، جہاں متاثرہ افراد کو ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین دی جا رہی ہے ۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر عمر میلہ سے فوری نوٹس لینے ، آوارہ کتوں کی تلفی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔