بجٹ سے قبل مہنگائی میں اضافہ:قیمتیں آسمان پر، شہری پریشان
سگریٹ کی قیمتوں میں بھی راتوں رات 20 سے 50 روپے تک اضافہ ریکارڈ
چناب نگر (نامہ نگار )شہر اور گردونواح میں وفاقی بجٹ کی آمد سے قبل ہی مہنگائی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ، جس نے عام شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔عوامی ذرائع اور مقامی شہریوں کے مطابق بازاروں اور کریانہ اسٹورز پر منافع خور عناصر نے مبینہ طور پر بجٹ کو جواز بنا کر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دال، گھی اور چینی سمیت بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے ، جبکہ سگریٹ کی قیمتوں میں بھی راتوں رات 20 سے 50 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔شہریوں کے مطابق بعض مقامات پر مصنوعی قلت پیدا کر کے اشیاء کو بلیک میں فروخت کیا جا رہا ہے ، جس سے صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے ۔ مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں مبینہ طور پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، جس کے باعث گراں فروشوں کو کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔سماجی حلقوں اور متاثرہ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لیں ۔