ممبر پنجاب پبلک سروس کمیشن ڈاکٹر ارشاد کا امتحانی سنٹر کا دورہ

ممبر پنجاب پبلک سروس کمیشن ڈاکٹر ارشاد کا امتحانی سنٹر کا دورہ

امیدواروں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات جیسے ٹھنڈا پانی، پنکھے چیک کئے

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ممبر پنجاب پبلک سروس کمیشن ڈاکٹر ارشاد احمد نے فیصل آباد میں قائم امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور امیدواروں کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران انہوں نے ہدایت کی کہ امتحانی مراکز میں امیدواروں کی سہولت کے تمام انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں۔ اس موقع پر متعلقہ افسر نے انہیں انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔پنجاب پبلک سروس کمیشن کے زیر انتظام فیصل آباد میں مختلف محکموں کی اسامیوں کے لیے تحریری امتحانات جاری ہیں، جن میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کی مختلف اسامیوں کے امتحانات شامل ہیں۔ اسی طرح بلدیاتی امور اور کمیونٹی ترقی کے محکمے میں بلڈنگ انسپکٹر کی اسامیوں کے امتحانات بھی جاری ہیں۔ بورڈ آف ریونیو میں معلوماتی ٹیکنالوجی کے منتظم کی آسامیوں کے امتحانات بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔امتحانی مراکز میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس اور امدادی اداروں کے اہلکار تعینات ہیں جبکہ موبائل فون سگنل بند کرنے کے آلات بھی فعال ہیں تاکہ شفاف امتحانی عمل یقینی بنایا جا سکے ۔دورے کے دوران امیدواروں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات جیسے ٹھنڈا پانی، پنکھے اور دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ریجنل انچارج فیصل آباد نے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ دو روزہ امتحانی سلسلے میں فیصل آباد سمیت تقریباً 30 ہزار سے زائد امیدوار شریک ہو رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں