جی ٹی ایس چوک میں میت منتقلی سروس کی افتتاحی تقریب
سروس مکمل طور پر مفت ہوگی ،مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے :احتشام واہلہ
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ریسکیو 1122 کے سنٹرل ریسکیو سٹیشن جی ٹی ایس چوک میں میت منتقلی سروس کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں رکن پنجاب اسمبلی اور چیئرمین کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ چوہدری عارف محمود گل، میڈیا نمائندگان اور شہر کی معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر سرکاری ہسپتالوں سے میتوں کی باعزت اور بروقت منتقلی کے لیے خصوصی ایمبولینس سروس کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 کی یہ میت منتقلی سروس مکمل طور پر مفت ہوگی اور کسی بھی شہری سے اس کی کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ عملہ میت کو مکمل عزت و احترام کے ساتھ گھر یا مطلوبہ مقام تک منتقل کرے گا۔ اس سروس کا مقصد غم کی گھڑی میں شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور مالی بوجھ کم کرنا ہے ۔رکن پنجاب اسمبلی چوہدری عارف محمود گل نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے یہ اقدام عوامی فلاح کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے ۔