شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی:سی پی او
محرم کے تمام جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سکیورٹی کے لیے جامع پلان منظور
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) سی پی او تنویر حسین کی زیرِ صدارت پولیس لائنز کمپلیکس میں محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں عمران احمد ملک، احمد نواز، ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان،سکیورٹی چیلنجز اور سمارٹ پولیسنگ حکمتِ عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تمام جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سکیورٹی کے لیے جامع پلان کی منظوری دی گئی، جبکہ حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔سی پی او تنویر حسین نے ہدایت جاری کی کہ جلوسوں کے روٹس اور مجالس کے اطراف جدید سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب فوری طور پر مکمل کی جائے اور چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے سرکل افسران کو علماء کرام، امن کمیٹیوں اور لائسنس ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں ٹیننٹ رجسٹریشن سسٹم کے تحت ہوٹلوں، سراؤں اور کرائے کے مکانات کی سخت چیکنگ کا حکم دیا گیا، جبکہ مشکوک افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ ٹریکر بائیکس، ایلیٹ فورس اور پٹرولنگ ٹیموں کے گشت میں اضافے اور پکار 15 پر فوری و مؤثر رسپانس کو یقینی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔