آر پی او اور انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنس اینڈ آئی ٹی میں معاہدہ
پو لیس ملازمین کے بچوں کو تعلیمی کورسز کی فیسوں میں خصوصی رعایت ملے گی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ریجنل پولیس آفس فیصل آباد اور فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنس اینڈ آئی ٹی کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دئیے گئے ، جس کے تحت پولیس افسران اور ان کے بچوں کو ایف ایس سی میڈیکل اور آئی ٹی پروگرامز سمیت مختلف تعلیمی کورسز کی فیسوں میں خصوصی رعایت فراہم کی جائے گی۔معاہدے پر آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا اور ادارے کے مینجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم نے دستخط کیے ۔ ایم او یو کے مطابق پولیس شہدا اور دورانِ سروس وفات پانے والے اہلکاروں کے بچوں کو آئی ٹی اور دیگر کورسز کی فیس میں 100 فیصد رعایت دی جائے گی، جبکہ غازی پولیس افسران کے بچوں کے لیے 60 فیصد اور حاضر سروس و ریٹائرڈ پولیس افسران کے بچوں کے لیے 50 فیصد فیس رعایت مقرر کی گئی ہے ۔معاہدے کے تحت پولیس افسران اور ان کے اہل خانہ کے لیے میرٹ کی بنیاد پر اسکالرشپس کی سہولت بھی دستیاب ہوگی، جبکہ داخلوں میں پولیس ملازمین کے بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر مواقع فراہم کیے جائیں گے ۔اس موقع پر آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ اس معاہدے سے پولیس ملازمین کے بچوں کو معیاری تعلیم کے حصول میں سہولت ملے گی ۔