محرم میں امن و اتحاد کیلئے مشترکہ کوششیں ناگزیر : علامہ عبدالرشید
انتشار اور نفرت پھیلانے کی کو شش کرنے والے عناصر کا تدارک کرنا ضروری
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبدالرشید حجازی نے کہا ہے کہ دین اسلام اپنے ماننے والوں کو ہر حال میں امن و سلامتی، محبت، رواداری اور ایک دوسرے کی خیرخواہی کا درس دیتا ہے ۔ محرم الحرام سمیت سال کا ہر دن مسلمانوں کے لیے اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ وہ باہمی عزت و احترام کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں اور معاشرے میں امن و امان کے قیام کے لیے کردار ادا کریں۔ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر میں سکیورٹی ادارے اور انتظامیہ اضافی ذمہ داریوں سے دوچار ہو جاتے ہیں، کیونکہ بعض شرپسند عناصر فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر معاشرے میں انتشار اور نفرت پھیلانے کے درپے ہوتے ہیں، جس کا تدارک ضروری ہے ۔علامہ عبدالرشید حجازی نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ امن عامہ کو خراب کرنے اور مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش کرنے والے افراد کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا سمیت مختلف ذرائع کے ذریعے اشتعال انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ ملک میں امن، استحکام اور بھائی چارے کی فضا برقرار رہ سکے ۔