بجلی و گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شہریوں کو مشکلات

بجلی و گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شہریوں کو مشکلات

طویل بجلی بندش نے معمولات زندگی کو متاثر کر دیا ،کھانا بنانا بھی مشکل

چناب نگر (نامہ نگار )گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی چناب نگر اور گردونواح میں بجلی اور سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شدت اختیار کر لی ہے ، جس کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق روزانہ آٹھ گھنٹے تک جاری رہنے والی لوڈشیڈنگ کے باعث بچے ، بوڑھے اور جوان شدید اذیت کا شکار ہیں۔ شدید گرمی میں طویل بجلی بندش نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے جبکہ گیس کی عدم دستیابی نے گھریلو نظام بھی درہم برہم کر دیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے باوجود بجلی اور گیس کے بلوں میں کمی کے بجائے مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ، جس پر عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔ گھریلو صارفین کے مطابق اکثر اوقات دوپہر کے وقت بھی گیس دستیاب نہیں ہوتی، جس کے باعث کھانا پکانا دشوار ہو جاتا ہے اور شہری ہوٹلوں سے کھانا خریدنے پر مجبور ہیں۔تاجروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی طویل بندش کے باعث کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں اور معاشی صورتحال بگڑتی جا رہی ہے ۔عوامی و سماجی حلقوں نے صورتحال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں