ایف آئی اے نے گزشتہ ہفتے 62 ملزموں کو پکڑا
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی سمگلروں، اشتہاریوں اور وائٹ کالر کرائم میں ملوث ملزمان کے گزشتہ ہفتے کے دوران ہونے والی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 62 ملزمان کو گرفتار کیا ۔
60 مقدمات درج کرتے ہوئے 44 انسانی سمگلرز کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان میں 11 انتہائی مطلوب انسانی سمگلرز بھی شامل ہیں۔31 انسانی سمگلرز کے خلاف درج مقدمات کے چالان عدالت میں پیش کئے گئے ۔ ایف آئی اے امیگریشن سیالکوٹ نے گزشتہ ہفتے کے دوران 57 مشکوک مسافروں کو آف لوڈ کیا۔آف لوڈ کئے گئے مسافروں میں 33 ملزمان گداگری کے لئے سعودی عرب، عراق اور ایران گئے تھے ۔ عوام سائلین کی سہولت کے لئے روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے 30 مختلف سائلین کی موقع پر داد رسی کی گئی۔ ایف آئی اے میں اچھی کارکردگی کی بنیاد پر 8 افسران / ماتحتوں کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا ہے ۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے عبد القادر قمر کا کہنا ہے کہ سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروے کار لائے جائیں گے ۔انسانی سمگلروں کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے ۔ کسی شخص کو بھی معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں۔شہریوں سے گزارش کی جاتی ہے کہ اپنی ذاتی دستاویزات کسی کے حوالے نہ کریں۔