عالم چوک گرین بیلٹ مستقل کچرا کنڈی میں تبدیل
لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک (نامہ نگار،نمائندہ خصوصی )ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران کی مبینہ غفلت عالم چوک گرین بیلٹ مستقل کچرا کنڈی میں تبدیل۔۔۔
دکانداروں کے ساتھ ساتھ گلی محلوں میں گھروں سے اجرت لے کر کوڑا اٹھانے والوں نے بھی کوڑے کے ڈھیر لگا دئیے ، ملیریا کی وبا پھیلنے لگی، تفصیل کے مطابق حافظ آباد روڈ کی تعمیر کے دوران عالم چوک میں وسیع گرین بیلٹ بنائی گئی لیکن ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کے افسران کی مبینہ غفلت کی وجہ سے عالم چوک کی گرین بیلٹ کو کچرا کنڈی میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور روزانہ فروٹ ریڑھیوں ہوٹلوں اور فاسٹ فوڈ شاپ سے نکلنے والا کچرا گرین بیلٹ پر پھینک دیا جاتا ہے اس کے ساتھ ساتھ گلی محلوں میں گھروں سے اجرت لے کر کوڑا اٹھانے والوں نے بھی گرین بیلٹ کو ڈمپنگ پوائنٹ بنا لیا ہے جسکی وجہ سے اٹھنے والی بد بو اور تعفن سے ملیریا جیسی وبائی امراض پھوٹ پڑی ہے جس میں آس پاس کے دوکاندار مبتلا ہو رہے ہیں، دکانداروں کا کہنا ہے کے دس ارب کی خطیر رقم سے بنائے گئے حافظ آباد روڈ پر عالم چوک کی گرین بیلٹ کو کچرا ڈمپنگ پوائنٹ بنا کر قیمتی پودوں کو ضائع کر دیا گیا ہے ، وہیں عالم چوک کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے ،انہوں نے ڈی جی ویسٹ مینجمنٹ اتحارٹی سے اپیل کی ہے کے عالم چوک سے کوڑے کے ڈمپنگ پوائنٹ کا خاتمہ کر کے اس کی صفائی کی جائے ۔