سیالکوٹ:سب انسپکٹر کا کار خاص رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار
اینٹی کرپشن کی مدعی مقدمہ کی در خواست پر مجسٹریٹ کی موجود گی میں ٹریپ ریڈ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )اینٹی کرپشن سیالکوٹ نے تھانہ حاجی پورہ میں تعینات سب انسپکٹر طیب حیدر کے کار خاص کو رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ۔بتایا گیا ہے کہ سب انسپکٹر کے پاس ایک انکوائری زیر سماعت ہے جس میں ملی بھگت سے مدعی مقدمہ پر تشدد کیا گیا اور اس کا سامان چھین لیا جسے واپس کرنے کیلئے اس سے 20 ہزار روپے مانگ لئے ، مدعی مقدمہ کی در خواست پر مجسٹریٹ کی موجودگی میں ٹریپ ریڈ عمل میں لایا گیا دوران ٹریپ ریڈ سب انسپکٹر طیب حیدر کا کار خاص ذیشان نامی شخص جو خود کو کانسٹیبل بتاتا ہے اور مدعی مقدمہ کے مطابق دوران انکوائری بھی سب انسپکٹر کے ساتھ موقع پر آیا اور اس نے مدعی مقدمہ سے 20 ہزار روپے لے کر جیب میں ڈال لئے جسے گرفتا رکر لیا گیا اور برآمدگی بھی موقع پر کر لی گئی۔ کار خاص سے پولیس فائل اور فائل کے اندر پولیس کی ٹیگ لگی ہوئی درخواستیں بھی موجود تھیں جس نے پوچھنے پر بتایا کہ سب انسپکٹر طیب حیدر نے پیسے لینے بھیجا ہے جن پر اینٹی کرپشن کی جانب سے مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی گئی ۔