اسلامی نظریاتی کونسل خزانے پر بوجھ ، ختم کر دیں : پیر ضیا اللہ
کو نسل ملک کے آ ئین کو قرآن وسنت کے مطابق ترتیب دینے میں ناکام ہو گئی
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )علما و مشائخ کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ پیر محمد ضیا اﷲ قادری نے یوم سیدنا صدیق اکبرؓ کے سلسلہ میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا، قائد اعظم محمد علی جنا ح کے ساتھ علما و مشائخ نے مذہبی آزادی سے عبادت کرنے کیلئے یہ پاک سرزمین حاصل کی 1947 سے لے کر اب تک پاکستان میں قانون انگریز کا چل رہا ہے اور جس مقصد کیلئے یہ ملک حاصل کیا گیا آج تک ہم وہ مقصد حاصل نہ کر سکے پاکستان کا نظام الیکشن غیر اسلامی ہے جس بنیاد پر ملک کی سیاست میں استحکام موجود نہیں اگر قانون میں قر آن و سنت کی بالادستی ہو تو یہ تمام غیر پارلیمانی نظام درست ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کو ختم کر دینا چاہیے کیونکہ یہ ملک پر بوجھ بن کر اپنی مراعات وصول کر رہی ہے جبکہ جس مقصد کیلئے یہ بنائی گئی تھی اس کا کوئی کام نہیں ہو سکا اسلامی نظریاتی کونسل کا کام ہے قرآن و سنت کے مطابق ملک کے آئین کو ترتیب دے اور خلفائے راشدین ؓکی طرز پر ملک کے نظام کو سیٹ کر کے آئین مرتب کر ائے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سود کا نظام خدا اور رسول سے جنگ کے مترادف ہے ،وزارتیں ختم کر کے سربراہ محکموں کو چلائیں اور پاکستان کا امیر المومنین اپنے گورنرز مقرر کر کے نظام حکومت چلائے ۔ انہوں نے کہا کہ تجاویز حکومت کو دینگے اور عملدر آمد بھی کرایا جائیگا ۔