گیپکو میں ای آفس سسٹم کے نفاذ سے متعلق تربیتی ورکشاپ
فائل مینجمنٹ کا پورا عمل ڈیجیٹل ، کاغذی کارروائی کم ،شفافیت آ ئیگی :جلیل الرحمن
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)گیپکو کے چیف پیپل آفیسر جلیل الرحمن نے کہا ہے کہ گیپکو کو جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے عصری تقاضوں کے مطابق ڈھالا جا رہا ہے تاکہ انتظامی اُمور میں شفافیت، افادیت اور رفتار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ وہ گیپکو ہیڈکوارٹرز میں وزارتِ توانائی کی ہدایت کے تحت نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور گیپکو کے اشتراک سے منعقدہ دو روزہ ای آفس ٹریننگ ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔چیف پیپل آفیسر نے کہا کہ گیپکو میں ای آفس سسٹم کے نفاذ سے فائل مینجمنٹ کا پورا عمل ڈیجیٹل ہو جائے گا جس کے نتیجے میں نہ صرف کاغذی کارروائی کم ہوگی بلکہ ادارے کے انتظامی معاملات میں شفافیت اور فیصلہ سازی کی رفتار میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ این آئی ٹی بی کے تعاون سے سرکاری اُمور کی ڈیجیٹلائزیشن سے وقت اور وسائل کی بچت ہوگی جبکہ فائلوں کی ترسیل، منظوری اور ریکارڈ کی دستیابی رئیل ٹائم بنیادوں پر ممکن ہو جائے گی۔جلیل الرحمن نے مزید کہا کہ ای آفس سسٹم کے ذریعے حساس معلومات اور دستاویزات محفوظ ڈیجیٹل سٹوریج میں منتقل ہو جائیں گی جس سے ڈیٹا سکیورٹی بہتر ہوگی اور غیر ضروری رسائی کے امکانات ختم ہوں گے ۔