قلعہ دیدار سنگھ:بچوں کی دینی، اخلاقی، سماجی تربیت کیلئے کیمپ
بچوں کی کردار سازی اور مثبت تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے :عبدالرحمن ہاشم
قلعہ دیدار سنگھ (نامہ نگار )مسلم کڈز کی جانب سے قلعہ دیدار سنگھ میں ونٹر کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، کیمپ میں بچوں کیلئے مختلف تعلیمی، علمی اور تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا جنہیں بچوں اور والدین کی جانب سے سراہا گیا، عبدالرحمن ہاشم صدر مسلم کڈز پاکستان اور حاشر عتیق کوآرڈی نیٹر مسلم کڈز شمالی پنجاب نے خصو صی شرکت کی، انہوں نے کہا کہ بچوں کی کردار سازی اور مثبت تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم کڈز پاکستان ملک بھر میں بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں اسلامی و اخلاقی اقدار سے روشناس کرانے کیلئے منظم سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ والدین اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ بچوں کو مفید اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جائے ، مسلم کڈز تنظیم ملک بھر میں بچوں کی دینی، اخلاقی اور سماجی تربیت کیلئے مختلف تعلیمی و تربیتی پروگراموں کا انعقاد کرتی ہے تنظیم کا بنیادی مقصد بچوں میں اسلامی شعور، اخلاقی ذمہ داری اور معاشرتی خدمت کا جذبہ پیدا کرنا ہے تاکہ نئی نسل ایک بہتر اور بااخلاق معاشرہ تشکیل دے سکے ۔