نفرت کے بجائے مثبت سوچ و برداشت ترقی کا راستہ : خرم دستگیر

نفرت کے بجائے مثبت سوچ و برداشت ترقی کا راستہ : خرم دستگیر

نبی کریم ؐانسانیت کیلئے رحمت بن کر آئے ، ہمیں ان کی سیرت سے رہنمائی لینی چاہیے

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر )سابق وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف لیدر ٹیکنالوجی گوجرانوالہ کا دورہ کیا۔انہوں نے مختلف لیبارٹریز کا معائنہ کیا،طلباء کے پراجیکٹس دیکھے اور ادارے کی محنت،شعبہ جاتی نظم و ضبط اور تربیتی ماحول کی تعریف کی۔دورے کے بعد تقریب کا باقاعدہ آغاز پروجیکٹ ڈائریکٹر سید اطہر رضا زیدی کی جانب سے پیش کی گئی جامع پریزینٹیشن سے ہوا۔ طلبا سے خطاب کے دوران خرم دستگیر خان نے کہا کہ نفرت سے معاشرے نہیں بنتے ،مثبت سوچ،برداشت اور شائستگی ہی ترقی کا راستہ ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ ٹک ٹاک یا شارٹ کٹ پر انحصار نہ کریں کیونکہ کامیابی ہمیشہ محنت،ثابت قدمی اور سیکھنے سے حاصل ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف لیدر ٹیکنالوجی شاندار کارکردگی دکھا رہا ہے اور اس کے طلبا کو مختلف اداروں میں ملازمتیں مل رہی ہیں جو نہایت خوش آئند ہے ۔انہوں نے نوجوانوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ہنر کو محنت اور مکمل توجہ کے ساتھ سیکھیں تاکہ مستقبل میں کامیابی ان کا مقدر بنے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے لیے کام کرنا،برداشت،اخلاق اور مثبت رویہ اپنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے زور دیا کہ نبی کریم ؐپوری انسانیت کیلئے رحمت بن کر آئے ،اس لیے ہمیں ان کی سیرت سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں