لالہ موسیٰ:محرم میں جلوس روٹس، ٹریفک پلان کا جائزہ
ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر ادارے بہترین انتظامات کو یقینی بنائیں گے :احمد شیر
لالہ موسیٰ ،گجرات (نمائندہ دنیا ، سٹی رپورٹر ، نامہ نگار)اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل کی زیر صدارت لالہ موسیٰ میں محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے رابطہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایس ایچ او سٹی، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے نمائندگان، متعلقہ محکموں کے افسر وں اور جلوس منتظمین نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس کا مشترکہ معائنہ کیا گیا جبکہ سڑکوں کی بندش، متبادل ٹریفک روٹس اور ڈائیورژن پلانز کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ٹریفک کی روانی، سکیورٹی، عوامی تحفظ اور جلوسوں کے پُرامن انعقاد کیلئے ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ عزاداروں کو سہولت فراہم کی جا سکے اور امن و امان کی صورتحال برقرار رہے ۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، این ایچ اے اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات کو یقینی بنائیں گے۔