سیٹلائٹ ٹائون مارکیٹ کو پیدل زون بنانے پر احتجاج
دکانیں بند کرکے تاجروں کی ریلی ، اس سے کاروبار ختم ہو جائیں گے :مظاہرین
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)سیٹلائٹ ٹائون مارکیٹ کو پیدل زون اور گرین بیلٹ بنانے کیخلاف تاجروں کا شدید احتجاج، دکانیں بند کرکے ریلی بھی نکالی ۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیٹلائٹ ٹائون مارکیٹ کو پیدل زون اور گرین بیلٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر انجمن تاجران سیٹلائٹ ٹائون مارکیٹ کے دکانداروں نے احتجاجا اپنی دکانیں بند کرکے سرپرست اعلیٰ ملک عبدالخالق، صدر حمود الرحمن کی قیادت میں ریلی نکالی اور شدید احتجاج کیا،اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما عاطف مسعود بٹ،نائب صدر شیخ نعمان ریاض و دیگر بھی موجود تھے ،مظاہرین کا کہنا تھا کہ ضلع انتظامیہ سیٹلائٹ ٹائون مارکیٹ میں سڑک کے درمیان 20فٹ جو گرین بیلٹ اور مارکیٹ کو پیدل زون بنانے جا رہی ہے۔
اس سے کاروبار ٹھپ ہو جائیں گے کیونکہ مارکیٹ میں آنیوالے بیشتر خریدار اپنی گاڑیوں پر خریداری کے لیے آتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کی گاڑیاں دکانوں کے باہر کھڑی ہوں ،اگر مارکیٹ کو مکمل طور پر پیدل زون بنا دیا گیا ،تو گاہک دور سے پیدل چل کر نہیں آئے گا ،اس سے کاروبار ختم ہو جائیں گے ،ضلعی انتظامیہ اپنے اس فیصلے پر نظر ثانی کرے ، انہوں نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد سے اپیل کی کہ اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل مارکیٹ کے تاجروں سے مشاورت کرے تاکہ ایسا متفقہ حل نکالا جا سکے جو تاجروں، خریداروں اور انتظامیہ سب کے لیے قابل قبول ہو بصورت دیگر وہ ڈی سی آفس کے باہر دھرنا دینے پر مجبور ہونگے ۔