پی ٹی سی ایل مالیاتی نتائج:آمدن میں 15.3فیصد اضافہ
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ نے رواں سال کی تیسری سہ ماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔
اعلان بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کے بعد کیا گیا۔ جاری مالیاتی نتائج کے مطابق 30ستمبر تک آمدنی سال بہ سال 15.3فیصد اضافے کے ساتھ 160.6ارب روپے ہو گئی۔ کمپنی نے 2024کے پہلے نو ماہ کے دوران 79.5ارب روپے کی آمدنی حاصل کی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 11.1فیصد زیادہ ہے۔ کمپنی نے 8.2ارب روپے کا آپریٹنگ منافع حاصل کیا، جو 2023کے اس عرصے کے مقابلے میں 27.6فیصد زیادہ ہے۔ کمپنی نے سہ ماہی کے دوران 1ارب روپے کا خالص منافع حاصل کیا ہے۔ پی ٹی سی ایل کے فکسڈ براڈ بینڈ کاروبار میں سال بہ سال 20.4فیصد، جبکہ پی ٹی سی ایل فلیش فائبر میں سال بہ سال 111.5فیصد کی غیر معمولی نمو دیکھی گئی۔ یوفون کے اگست 2024میں 26ملین مجموعی اور 16ملین 4Gصارفین کی تعداد ہو گئی ہے۔ یوفون نے 27مقامات پر روم لائیک بین الاقوامی رومنگ متعارف کرا دی ہے۔ یہ جدید بین الاقوامی رومنگ سروس صارفین کو باسہولت ڈیٹا اور وائس بنڈل فراہم کرتی ہے۔