دوران برفباری ون وے سسٹم پرعملدرآمد کرائینگے ،سی ٹی او مری

 دوران برفباری ون وے سسٹم پرعملدرآمد کرائینگے ،سی ٹی او مری

مال روڈ ٹریفک کیلئے مکمل بند ، جی پی اوچوک میں پارکنگ کی اجازت نہیں ہو گی سیاحوں کی سہولت کیلئے مختلف مقامات پر 200وارڈنز تعینا ت کر دئیے ، میڈیا سے گفتگو

 مری(نمائندہ دنیا) نو تعینات چیف ٹریفک آفیسر مری عمران رزاق نے کہا ہے کہ برفباری کے پیش نظر 200 سے زائد ٹریفک وارڈنز اور افسران شہر کے مختلف مقامات پر تعینات کیے گئے ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی ،سیاحوں اور شہریوں کی سہولت یقینی بنائی جا سکے ، دوران برفباری ون وے سسٹم پرعملدرآمد یقینی بنا ئینگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے بتایا کہ شہر کے داخلی راستوں پر بیریئرز ،آگاہی بینرز اور پمفلٹس کے ذریعے سیاحوں کی رہنمائی کی جائے گی۔

جبکہ برفباری سیزن میں لین پابندی، نو پارکنگ زونز اور ون وے سسٹم پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا، مری کی پانچ مرکزی شاہرا ہوں ویوفورتھ روڈ، بینک روڈ، ہال روڈ ،کلڈنہ روڈ اور امتیاز شہید روڈ کو ون وے قرار دیا گیا ہے جبکہ مال روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل بند رہے گا ۔ جی پی اوچوک سیسل ہوٹل اور کلڈنہ روڈ سمیت مختلف مقامات پر پارکنگ پر مکمل پابندی ہوگی۔ پانی کے ٹینکرز اور فوڈ سپلائی گاڑیوں کے داخلے کے اوقات 1 بجے رات تا 7 بجے صبح مقرر کیے گئے ہیں،ٹریفک مسائل کے بروقت حل کیلئے سنی بینک میں ٹریفک کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جسکارابطہ نمبر 051-9269200 ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں