حادثات میں کمی کیلئے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نا گزیر،سی پی او
طلبا و طالبات لا ئسنسنگ کی بہترین سہولیات سے استفادہ کریں، خطاب
راولپنڈی( خبر نگار)سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے ٹریفک آگاہی کے حوالے سے پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی کا دورہ کیا ، چیف ٹریفک آ فیسر فرحان اسلم بھی ہمراہ تھے ،سی پی او نے طلبا و طالبات سے خصوصی خطاب کیا، انہوں نے کہا سڑکوں پر حادثات کی شرح میں کمی لانے کیلئے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد ضروری ہے ، راولپنڈی پولیس کی طرف سے آپ کے لئے بہترین لائسنسنگ سہولیات آپ کی دہلیز پر فراہم کی جا رہی ہیں، ان سے فائدہ اٹھائیں۔
طلباء و طالبات کے لئے موبائل لائسنسنگ کی سہولت ہمہ وقت موجود ہے ، خواتین کے لئے ڈرائیونگ سیکھنا اور لائسنس حاصل کرنا ازحد اہم ہے ، طلبا و طالبات وقت کے ضیاع سے بچیں اور صحتمندانہ سرگرمیوں کا حصہ بنیں ۔ا س موقع پر طلبا و طالبات کے لیے روڈ سیفٹی ہدایات پر مبنی کوئز پروگرام کا بھی انعقاد کیا گیا، درست جوابات دینے والے طلبا و طالبات کو ہیلمٹ د یئے گئے ۔تقریب کے اختتام پر سی پی او سید خالد ہمدانی کو یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔