سی ڈی اے میں ای سٹامپ پیپر ، ریکارڈ ڈیجیٹائزیشن بارے اجلاس
24موضع جات کی ڈیجیٹائزیشن ہو چکی ،11کی جلد مکمل ہوگی،بریفنگ چینی بلیو سکائی فاؤنڈیشن ٹیم کی ممبر ایڈمن سے ملاقات، واٹر ریسکیو کٹس حوالے کیں
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ای سٹامپ پیپر کے اجرا اور لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ آئی سی ٹی اور پی ایل آر اے کے درمیان معاہدے کے تحت ای سٹامپ پیپر کے اجرا کے حوالے سے بیشتر مراحل مکمل ہو گئے ، سافٹ ویئر اور ٹیسٹنگ کے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ابتک 24 موضع جات کی ڈیجیٹائزیشن مکمل کی جاچکی ہے جبکہ باقی ماندہ 11 موضع جات میں ڈیجیٹائزیشن کا عمل بھی جلد پایہ تکمیل تک پہنچ جائیگا۔ دریں اثنا ممبر ایڈمن سی ڈی اے طلعت محمود سے چینی بلیو سکائی ریسکیو فاؤنڈیشن کی ٹیم نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر چینی بلیو سکائی ریسکیو فاؤنڈیشن نے خصوصی واٹر ریسکیو کٹس سی ڈی اے کے حوالے کیں۔ طلعت محمود نے چینی بلیو سکائی فاؤنڈیشن کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا ۔