پاکستان سوڈانی طبی عملے کی تربیت کیلئے تیار ہے ،وزیرصحت
مصطفی کمال سے سوڈانی وفد کی ملاقات ،شعبہ صحت میں تعاون کی درخواست
اسلام آباد (نیوزر پورٹر)وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال سے سوڈان کے سیکرٹری صحت کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی ، مصطفی کمال نے کہا کہ سوڈان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور صحت کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے میں سوڈان کی دلچسپی کو سراہتے ہیں۔وفد نے صحت کے شعبے کی بحالی و تعمیرِ نو، طبی آلات و ٹیکنالوجیز کی فراہمی میں پاکستان سے تعاون کی درخواست کی اور کہا صحت مراکز میں سولر توانائی کی بحالی اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ میں پاکستان سے تعاون کے خواہاں ہیں ،وفاقی وزیرِ صحت نے سوڈان کے ساتھ صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا سوڈانی طبی عملے کی تربیت، ماہرین ،علم و تجربے کے تبادلے کے فروغ کے لیے تیار ہیں ۔