قومی اسمبلی لائبریری میں ’’ کشمیر کارنر‘‘قائم ،سپیکر نے افتتاح کیا
پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی ، سفارتی حمایت جاری رکھے گا ،ایاز صادق
اسلام آباد(نامہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کی لائبریری میں ’’ کشمیر کارنر‘‘ کا افتتاح کردیا۔کشمیر کارنر کے قیام کی تقریب میں چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل ، اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ، غلام محمد صفی کنوینر حریت کانفرنس، محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، عبدالحمید لون، شیخ عبد المتین، مشتاق احمد بٹ، مزمل ایوب ٹھاکر ،لال حسین راجپوت بھی موجود تھے ۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، بھارت کے جابرانہ اقدامات کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے ۔کشمیر کارنر کے قیام کا مقصد مسئلہ کشمیر کے تاریخی، سیاسی اور انسانی پہلوؤں سے متعلق مستند معلومات کی فراہمی ہے ۔ کارنر میں شہدائے کشمیر کی نایاب تصاویر، تحریک آزادی کشمیر کی تاریخ پر مبنی اہم کتب ، دستاویزات اور تحقیقی مواد رکھا گیا ہے ۔