عید فلسطینیوں سے یکجہتی کے طور پرمنائی جائے ،حافظ نعیم

عید فلسطینیوں سے یکجہتی کے طور پرمنائی جائے ،حافظ نعیم

عوام حکمرانوں کو اسرائیل کیخلاف دو ٹوک موقف اختیار کرنے کیلئے بیدار کریں،ادارہ نورحق میں ذمہ داران کا اجلاس ،فلسطین کی سنگین صورتحال پر اظہارافسوس

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت ادارہ نورحق میں ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی غاصب افواج کے حالیہ حملے ، تشدد 20سے زائد فلسطینیوں کی شہادت اور سیکڑوں کے زخمی ہونے کے بعد پیدا ہونے والی سنگین صورتحال پر افسوس اور فلسطینیوں سے بھر پور اظہار یکجہتی کیا گیا، اجلاس میں عالم اسلام کے بیشتر حکمرانوں کی جانب سے اس سنگین صورتحال پر بے حسی، خاموشی اور او آئی سی کی طرف سے بھی کوئی جرات مندانہ اور دو ٹوک موقف اختیار کرنے کی مذمت کی گئی، حافظ نعیم الرحمن نے عوام سے اپیل کی کہ عید الفطر کو اسرائیلی افواج کے مظالم کے شکار فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جائے ، شہر بھر میں عید الفطر کی نمازوں اور اجتماعات کے موقع پر فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے ، اسرائیلی مظالم، امریکا اور بڑی طاقتوں کی اسرائیلی سرپرستی کی مذمت کی جائے اور حکمرانوں کو بیدار کیا جائے کہ وہ فلسطینی مسلمانوں کے حق میں اور دہشت گرد اسرائیل کے خلاف دو ٹوک اور جرات مندانہ موقف اختیار کریں،حافظ نعیم الرحمن نے علماء کرام، آئمہ مساجد و خطباء عظام سے بھی اپیل کی کہ عید الفطر اور نماز جمعہ کے خطابات میں فلسطین کی حالیہ سنگین صورتحال اور اسرائیل کی غاصب افواج کی درندگی اور سفاکی کے حوالے سے عوام الناس کو آگاہ کریں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں