کچرے سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ، جام چاکرو لینڈ فل سائٹ پر پلانٹ لگانے کی تجویز

کچرے سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ، جام چاکرو لینڈ فل سائٹ پر پلانٹ لگانے کی تجویز

کراچی میں روزانہ کی بنیاد پرجمع کچرے سے 200 میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکے گی، سالڈ ویسٹ ٹو انرجی منصوبہ ملکی تاریخ میں سنگ میل ثابت ہوگا، تمام قانونی تقاضوں کو پورا کیا جائیگا، سیکریٹری بلدیات نجم شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیکریٹری لوکل گورنمنٹ انجینئر سید نجم احمد شاہ کی زیر صدارت سالڈ ویسٹ ٹو انرجی کنورژن کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے حوالے سے ان کے دفتر میں اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں سیکریٹری توانائی اور ایم ڈی سالڈ ویسٹ بھی شریک تھے۔ شرکا اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نجم احمد شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے کچرے سے بجلی پیدا کرنے کے جس منصوبے کا آغاز کیا ہے وہ ملکی تاریخ میں سنگ میل ثابت ہوگا اور مستقبل قریب میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے نہایت معاون و مددگار ثابت ہوگا۔ نجم احمد شاہ نے کہا کہ منصوبے کے دیرپا نتائج سے فیض یاب ہونے کے لئے ضروری ہے کہ باقاعدہ منصوبہ بندی اور جامع پالیسی سازی کے عمل کے ذریعے تمام مراحل کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور شفافیت کو خصوصی طور پر ملحوظ خاطر رکھا جائے ۔ سیکریٹری بلدیات نے بتایا کہ سالڈ ویسٹ ٹو انرجی کے منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر جام چاکرو نامی لینڈ فل سائٹ پر پلانٹ لگانے کی تجویز زیر غور ہے۔ نجم احمد شاہ کے مطابق کراچی سے روزانہ کی بنیاد پر جمع ہونے والے کچرے کو سائنسی عمل سے گزار کر کم و بیش 150 سے 200 میگا واٹ بجلی حاصل کی جاسکتی ہے، عالمی سطح کے ماہرین کی مشاورت سے جدید ٹیکنالوجی سے مزین ویسٹ ٹو انرجی پلانٹ کی تنصیب سے قبل تمام قانونی تقاضوں کو پورا کیا جائے گا اور مکمل شفافیت کے ساتھ منصوبے کو مکمل کیا جائے گا۔ سالڈ ویسٹ ٹو انرجی منصوبے کے دائرہ کار کو مرحلہ وار صوبے کے تمام اضلاع تک پہنچایا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں