مسائل کے شکارعوام گیس کی بندش سے مزید پریشان،بلال قادری
کراچی(آن لائن)ملک کے عوام ہر طرح کے مسائل اور گیس بجلی پانی کی بندش سے پریشان ہو گئی ہے ۔حکمران عوام کو سہولیات پہنچانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ بلال سلیم قادری شامی نے جاری بیان میں کیا۔بلال سلیم قادری کا کہنا تھا کہ گیس کمپنی بھی کے الیکٹرک کے نقشے قدم پر چل نکلی ہے ۔گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور گیس کی غیر اعلانیہ بندش عوام کو پریشان کرنے کا ایک اور حربہ ہے ۔مسائل سے گھرے عوام گیس کی بندش سے مزید پریشان ہوگئے ہیں ۔مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث عوام بے حال ہو گئے ہیں ۔ہر طرف سے عوام کے سروں پر صرف کالے بادل منڈلا رہے ہیں۔عوام کے پاس گیس یا بجلی کا بل بننے کی استطاعت نہیں ہے وہ گیس کی بندش سے بچنے کے لیے گیس سلنڈر اور بجلی کی بندش سے بچنے کے لیے جنریٹرکہاں سے خریدیں۔ دو وقت کی روٹی سے ترسی ہوئی عوام کو گیس کی بندش نے ایک وقت کی روٹی سے بھی ترسا دیاہے ۔قلیل آمدنی ہونے کے باعث ادھار قرض کر کے راشن گھر لانے والا گیس کی بندش کے باعث گھر میں کھانا کیسے بنائے گا۔ہوٹل سے خرید کر کھانا کھانا تو ہر کسی کے بس کی بات نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہو چکا ہے حکمرانوں کو اب ہوش کے ناخن لینا ہوں گے ۔