کراچی چیمبرکاوبائی امراض کے اضافے پر تحفظات کا اظہار
کراچی (سٹی ڈیسک)کراچی چیمبر کے صدر جاوید بلوانی نے کراچی اور سندھ بھر میں وائرل اور وبائی امراض کی بڑھتی تعداد پر گہرے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے درخواست کی کہ۔۔۔
وہ محکمہ صحت کو یہ ہدایات جاری کریں کہ تمام اسپتال اپنے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹس کی استعداد میں اضافہ کریں۔وزیراعلیٰ کو بھیجے گئے خط میں کے سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ کے سی سی آئی کی جانب سے حال ہی میں ایک سروے کیا گیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ تمام اسپتالوں کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ مریضوں کو ایڈجسٹ کرنے سے قاصر ہیں اور انہیں طبی امداد کیلئے درکار بستر کی دستیابی کیلئے کئی گھنٹے انتظار کرنے کیلئے کہا جاتا ہے ۔سندھ حکومت بھی محکمہ صحت کو کراچی کے متعدد اسپتالوں کا ایسا ہی سروے کرنے کی ہدایت دیکراس بات کی تصدیق کر سکتی ہے جس سے صورتحال کی سنگینی کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ سمجھنا بہت ضروری ہے کہ سندھ اس وقت وبائی امراض میں اضافے کی وجہ سے سنگین صورتحال سے گزر رہا ہے لہذا اس مسئلے میں کسی قسم کی غفلت قیمتی جانوں کے ضیاع کا باعث بن سکتی ہے ، تمام اسپتالوں میں موجودہ مریضوں کی بڑھتی تعداد کے بے پناہ بوجھ پر غور کرنا ضروری ہے کیونکہ ایسے حالات میں کسی قدرتی آفت کی صورت میں صورتحال مزید بگڑ کر تباہ کن سطح پر پہنچ جائے گی جو کسی کے بھی تصور سے بالاتر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت،کے ایم سی ، فلاحی تنظیمیں، مسلح افواج کے زیر انتظام تمام اسپتال اور نجی اسپتالوں کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ ا س وقت زیادہ مریضوں کو رکھنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعلیٰ اس معاملے کا نوٹس لینگے ۔