میٹرک امتحانات کے پوزیشن ہولڈرز کیلئے انعامات کا اعلان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کراچی میٹرک بورڈ امتحانات میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم حفظ عبدالرافع کے لئے دو لاکھ۔۔۔
دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ رومیسہ عمران کے لیے ڈیڑھ لاکھ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ رخسار سومرو کے لئے ایک لاکھ روپے کے انعام اور حافظ عبدالرافع کے اعلیٰ تعلیم تک اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا ہے ۔یہ اعلان انہوں نے دہلی اسکول اولڈ بوائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پوزیشن ہولڈرزکے اعزاز میں منعقد کی گئی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ متوسط طبقات سے تعلق رکھنے والے طالب علم اور طالبات نے یہ ثابت کردیا ہے چیلنجز کے باوجود اپنی صلاحیتیں دکھانے کے لئے آسائشوں کا ہونا ضروری نہیں۔ محکمہ تعلیم روزگار دینے کا ذریعہ نہیں ہے ، اساتذہ ایمانداری کے ساتھ بچوں کو پڑھائیں، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے آنے والی تجویز پر اسکول کو گود لینے کے لیے منتخب نمائندوں کو خط لکھا، خوشی ہے ، منتخب نمائندوں نے اسکول اون کرنا شروع کردیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پرائیویٹ اسکول کے خلاف نہیں مگر والدین کے حق میں ضرور ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ ان پرائیویٹ اسکولوں کا ساتھ دیں گے جو بچوں کے ساتھ ان کے والدین کا بھی خیال رکھتے ہیں۔اس موقع پر وائس چانسلر کراچی میٹرو پولیٹن یونیورسٹی ڈاکٹر وسیم قاضی نے کانٹینٹ انرچمینٹ کی ضرورت پر بات کی، انہوں نے کہا کہ ہمیں آن لائین ایسے پلیٹ فارمز بنانے چاہیں جہاں سے اربن سینٹرز کے علاوہ رورل ایریاز کے طالب علموں کو ایک ہی سطح کا مواد دستیاب ہو سکے ، اداروں کو ریسورسز کی بنیاد پر مستحکم کرنا کی اہمیت پر بھی بات کی۔ بعد ازاں دہلی اسکول اولڈ بوائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو ساڑھے تین لاکھ روپے جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو 25، 25 ہزار روپے کے چیکس بھی دیے گئے ۔ تقریب میں وائس چانسلر کراچی میٹرو پولیٹن یونیورسٹی ڈاکٹر وسیم قاضی، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کراچی مرزا ارشد بیگ، ایسوسی ایشن کے سربراہ مسرور حسین وارثی، کے علاوہ طلبہ و طالبات، اساتذہ، تعلیمی افسران و دیگر نے شرکت کی۔