حیدر آباد:پولیس کے مبینہ 3مقابلے ، ایک ڈاکو ہلاک، دوگرفتار
مارکیٹ پولیس پرفائرنگ کرنیوالا عارف مقابلے میں زخمی، اسپتال لیجاتے چل بساساتھی فرار، مکی شاہ، راہوکی پولیس نے فائرنگ تبادلے کے بعد 2ملزم دھر لئے
حیدرآباد (بیورو رپورٹ)پولیس نے مبینہ تین پولیس مقابلوں میں ایک ملزم ہلاک جبکہ دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ، مسروقہ سامان برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق مارکیٹ پولیس نے بکراپیڑی کے قریب دوران چیکنگ دو موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، جس پر انہوں نے پولیس پر فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ سے ایک ملزم عارف عرف بھورا قریشی زخمی ہوگیا، جو اسپتال لیجاتے ہوئے چل بسا، اس کا ساتھی موٹرسائیکل سمیت فرار ہوگیا۔ ملزم عارف عرف بھورا قریشی کراچی، حیدرآباد اور نواب شاہ پولیس کو 24سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔
مکی شاہ پولیس نے کینٹ قبرستان کے قریب دو مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، جس پر انہوں نے فائرنگ کردی ، جوابی فائرنگ سے ایک ملزم رضا محمد جوکہ ٹنڈوالہیار کا رہائشی تھا، کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ اور چھینے گئے موبائل فون برآمد کرکے اسپتال داخل کرادیا۔ ملزم رضا محمد بھٹائی نگر تھانے کو پولیس مقابلے کے کیس میں مطلوب تھا۔جبکہ تیسرا مقابلہ راہوکی تھانے کی حدود میں زرداری فارم کے قریب ہوا، جہاں پولیس کی فائرنگ سے ایک ملزم اصغر علی شاہ جوکہ لاڑکانہ کا رہائشی تھا، کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اس کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول برآمد کرکے طبی امداد کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا۔ ملزم ٹنڈوحیدر میں رہائش پذیر تھا اور وہاں منشیات فروخت کرتا تھا۔