عمرکوٹ:42سے زائد کچی آبادیوں کوباضابطہ لیز دینے کااعلان
مشیر وزیراعلیٰ نجمی عالم کی کھلی کچہری، شہریوں کی پانی کمی سے متعلق بھی شکایات
عمرکوٹ (نمائندہ دنیا)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مشیر برائے کچی آبادی سید نجمی عالم نے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر نجمی عالم نے عوام سے براہ راست ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کا مقصد عوام کے گھروں کی دہلیز تک پہنچ کر ان کے مسائل سننا اور ان کا فوری و عملی حل فراہم کرنا ہے ۔ اس موقع پر صوبائی مشیر نے ضلع عمرکوٹ کی 42 سے زائد کچی آبادیوں کو باضابطہ لیز دینے کا اہم اور تاریخی اعلان کیا، جسے عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کچی آبادیوں میں رہنے والے خاندانوں کو قانونی ملکیتی حقوق دینا سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
کھلی کچہری میں آنے والے شہریوں نے پینے کے صاف پانی کی قلت، میونسپل خدمات کی کمی، صحت کی ناکافی سہولیات، سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی، بڑھتی ہوئی منشیات کے خاتمے ، ٹوٹے پھوٹے روڈ، ٹریفک پولیس کی کمزوری سمیت متعدد عوامی مسائل کی نشاندہی کی۔ شہریوں نے مختلف شکایات کے انبار لگا دیے جن پر صوبائی مشیر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کیں اور مسائل کے فوری حل کا حکم دیا۔ اس موقع پر مختلف محکموں کے افسران عوامی سوالات کے جواب دیتے رہے اور کئی شکایات کے حل کے لیے اسی وقت ٹیمیں تشکیل دے کر روانہ کی گئیں۔