کلچر ڈے کے پردے میں پرتشدد واقعات ناقابل معافی،متحدہ

کلچر ڈے کے پردے میں پرتشدد واقعات ناقابل معافی،متحدہ

ثقافتی سرگرمیوں کو غدار عناصر نے اپنے مذموم ایجنڈے کے لیے استعمال کیا کسی صورت لسانی و علاقائی منافرت برداشت نہیں کی جائے گی،اراکین اسمبلی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست اراکینِ سندھ اسمبلی نے گزشتہ روز ’’کلچر ڈے ‘‘ کے پردے میں پرتشدد واقعات، گاڑیوں اور قومی املاک کی بے رحمانہ توڑ پھوڑ، اور کھلے عام ’پاکستان مردہ باد‘ جیسے انتہائی دلخراش و ملک دشمن نعرے لگائے جانے پر گہرے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے امن اور قومی سالمیت کے خلاف ایک بزدلانہ اور ناقابلِ معافی سازش قرار دیا ہے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ پرامن ثقافتی سرگرمیوں کو چند شرپسند اور غدار عناصر نے اپنے مذموم ایجنڈے کے لیے استعمال کیا، جن کا مقصد صرف ملک میں فساد، افراتفری پھیلانا اور قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنا ہے۔

سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس مجرمانہ سرگرمی پر صرف خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، ایم کیو ایم پاکستان کسی بھی صورت ملک دشمنی یا کسی بھی قسم کی لسانی و علاقائی منافرت کو برداشت نہیں کرے گی۔اراکین سندھ اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ گورنر اور وفاقی حکومت فوری طور پر اس سنگین معاملے کا سخت نوٹس لیں، شرپسندی میں ملوث تمام ذمہ داران کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے نشاندہی کر کے انہیں فی الفور گرفتار کیا جائے ، اور ان کے خلاف آئین اور قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں