مسلم لیگ ن کا بڑھتے سنگین شہری مسائل پر اظہارتشویش
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ ن سندھ کا کراچی میں بڑھتے سنگین شہری مسائل پر تشویش کا اظہار، ترجمان مسلم لیگ ن اسد عثمانی نے پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ۔۔۔
شہر قائد میں بنیادی شہری سہولیات کا فقدان شہریوں کے لیے جان لیوا صورتحال اختیار کر چکا ہے ۔ اسد عثمانی نے کہا کہ کراچی کی سڑکوں اور گلیوں میں جگہ جگہ پڑے گڑھے اور کھلے مین ہولز شہریوں کے لیے ممکنہ موت کا باعث بن رہے ہیں۔ اسد عثمانی نے کھلے مین ہول میں گر کر ابراہیم کی ہلاکت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ سانحہ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندوں کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے ۔ اسد عثمانی کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کے نمائندے ایک دوسرے پر تنقید کرتے نظر آتے ہیں مگر کرپشن میں دونوں یکساں طور پر حصہ دار ہیں۔ ن لیگ سندھ کے مطابق کراچی میں جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی نورا کشتی لڑ رہی ہیں۔