مرتضیٰ وہاب تباہی کی ذمہ داری قبول کریں ،سیف الدین

مرتضیٰ وہاب تباہی کی ذمہ داری قبول کریں ،سیف الدین

میئر شپ پر قبضہ تباہی کی داستان ، 50ڈھکن لگانے سے مسائل حل نہیں ہوں گےرواں سال 24افراد گٹر اور نالوں میں گر کر جاں بحق ہوچکے ہیں،اپوزیشن لیڈر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ نے قابض میئر کی جانب سے مین ہول پر ڈھکن لگانے اور اسٹریٹ لائٹس کی درستگی کے لیے ہر یوسی کو ایک لاکھ روپے فنڈ دینے کے اعلان پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا 4 سالہ دور اقتدار شرمندگی اور تباہی کے سوا کچھ نہیں،انہیں کراچی کی بربادی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہوجانا چاہیئے ،مرتضی وہاب کے دو سال ایڈمنسٹریٹر، دو سال مئیر شپ تباہی کی داستان ہے ، ایک سال میں 24 بچے اور بڑے شہر کے مختلف علاقوں میں گٹر اور نالوں میں گر کر جاں بحق ہوچکے ہیں ،مرتضیٰ وہاب سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لئے بیان بازی سے گریز کریں،اچھل کود، دو نمبری اور ناٹک کا دور گزر گیا عوام اب ان لوگوں کے کارناموں سے خوب واقف ہو چکے ہیں۔

ایک لاکھ کا اعلان اس سے قبل بھی ماہ جون کے کونسل اجلاس میں کیا گیا تھا لیکن 6 ماہ بعد بھی کوئی رقم یونین کمیٹیز کو منتقل نہ ہوسکی، یوسیز میں ہزاروں گٹر ہوتے ہیں 50 ڈھکن لگانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے ۔چند ٹکوں سے پوری کراچی کے گٹروں اور اسٹریٹ لائٹس کی ذمہ داری یوسی کے گلے میں ڈال کر بدنامی سے بچنا چاہتے ہیں۔ بطور چیئرمین واٹر کارپوریشن مرتضی وہاب نے اربوں روپے پانی و سیوریج کے بلوں میں وصول کیے ہیں اربوں کے واٹر ٹینکر اور زیر زمین پانی بیچا ہے ، جبکہ میونسپل ٹیکس نے نام پر بھی کے الیکٹرک کے بلوں کے ذریعے میئر نے 4 ارب روپے وصول کیے ہیں،واٹر کارپوریشن نے کھربوں روپے کا قرضہ لیا ہے ،بجائے ان کا حساب پیش کرنے کے 1 لاکھ روپے کا لالی پاپ دے کر قوم کو بیوقوف بنانا چاہتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں