پہلے بائیو گیس پلانٹ سے 15 دسمبر سے کلفٹن کو فراہمی شروع ہوگی
کراچی (این این آئی)سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا پہلا بائیو گیس پلانٹ15 دسمبر سے کام شروع کر دے گا، جس کے ذریعے کلفٹن کے وہ گھرانے جو سوئی گیس سے محروم ہیں، کم قیمت پر کھانا پکانے کا ایندھن حاصل کرسکیں گے۔
یہ اعلان سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر طارق علی نظامانی نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سینٹرل اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ایس ڈی جیز کے زیرِ انتظام ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار نیشنل فورم فار انوائرمنٹ اینڈ ہیلتھ کے اشتراک سے فیڈریشن ہاس میں منعقد ہوا، جس کا موضوع پائیدار ترقیاتی اہداف کے مطابق شہری فضلے کو ٹھکانے لگانے کا جدید انتظام تھا۔طارق نظامانی نے سیمینار کے شرکا کو بتایا کہ باغ ابنِ قاسم میں قائم بائیو گیس پلانٹ روزانہ سات ٹن تک مویشیوں کا فضلہ پراسیس کرے گا اور قریبی 70 سے 80 گھروں کو ماہانہ صرف 2,000 روپے میں سبسڈائزڈ ایندھن فراہم کرے گا۔