گیس چور4ملزمان گرفتار، 1500غیرقانونی کنکشن منقطع

گیس چور4ملزمان گرفتار، 1500غیرقانونی کنکشن منقطع

سوئی سدرن کے سکیورٹی سروسز اور کاؤنٹر گیس تھیفٹ ڈپارٹمنٹ کی کارروائیاں چھاپہ مار ٹیم کو مزاحمت کا سامنا،اسسٹنٹ کمشنر کی مداخلت سے کارروائی مکمل کی گئی

کراچی(سٹی ڈیسک)سوئی سدرن گیس کمپنی کے سکیورٹی سروسز اور کاؤنٹر گیس تھیفٹ آپریشنز ڈپارٹمنٹ کی چھاپہ مار کارروائیاں جارہی ہیں ۔ ٹیم نے ملیر کے علاقے دھنی پرتو گوٹھ میں ایک بیکری پر چھاپہ مارا، جہاں ان کو پی وی سی پائپ کے ذریعے بچھائی گئی ایک غیرقانونی زیرِ زمین گیس لائن ملی۔ شہری برکت علی لاشاری ولد خمیسو خان کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا۔اسی دوران نیو کوئٹہ بسم اللہ ہوٹل پر چھاپے کے دوران گیس چوری پردلدارعلی ولد سونا خان کو گرفتار کرکے ایف آئی آر درج کردای گئی۔ایک اور کارروائی میں دو ملزمان ضمیر حسین اور شہزادو مستوئی کو گرفتار کیا گیا۔ اس لائن سے تقریباً 1,000گھروں کو گیس فراہم کی جارہی تھی۔ ملزمان ہر گھر سے 8,000 روپے ایڈوانس اور2,000 روپے ماہانہ وصول کر رہے تھے۔

ایس ایس جی سی کی ٹیم کوکارروائی میں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تاہم اسسٹنٹ کمشنر کی مداخلت سے تمام غیرقانونی کنکشنز منقطع کردیے گئے ۔ٹیم نے ایف بی ایریا میں کاشان نمکو اینڈ بیکرز پر بھی چھاپہ مارا، جہاں میٹر کے ریڈنگز کو ریورس کرنے کے لیے اسے چھیڑا گیا تھا۔ اس جرم میں محمد کاشان کلام ولد عبد الکلام کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔ علی محمد جوکھیو گوٹھ، بن قاسم میں ایس ایس جی سی کی 63 ملی میٹر ڈسٹری بیوشن لائن سے نکالی گئی ایک براہِ راست زیرِ زمین گیس لائن پکڑی گئی، جس کے ذریعے 500 گھروں کو غیرقانونی گیس فراہم کی جارہی تھی۔ ملزمان ہر گھر سے 25,000 روپے ایڈوانس اور1,500 روپے ماہانہ وصول کر رہے تھے ۔ تمام غیرقانونی کنکشن موقع پر ہی منقطع کردیے گئے اورملزمان منیر احمد سومرو ولد علی نواز سومرو،پہلوان ولد محمد مٹھل اوراعجاز ولد محمد مٹھل کے خلاف ایف آئی آرز درج کرلی گئیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں