محمد علی جناح یونیورسٹی کے 250طلباکو اسناد تفویض
پی ایچ ڈی کے 9طلبہ شامل ،مجموعی طور پر33طلبا کوگولڈ ،سلور،برونزمیڈلز دیے گئے امریکہ، کینیڈا، یورپ کی جامعات ماجو کی اسناد باضابطہ تسلیم کرتی ہیں،ڈاکٹر زبیر احمدشیخ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)محمد علی جناح یونیورسٹی کے 250طلبہ و طالبات کو ڈگریاں تفویض کردی گئیں۔ڈگری پانے والوں میں 12گولڈ ،12سلوراور 9برونز میڈل حاصل کرنے والے طلبا شامل ہیں۔اس موقع پر 9طالب علموں کو پی ایچ ڈی کی بھی ڈگریاں تفویض کی گئیں۔پی اے ایف میوزیم کے آڈیٹوریم میں یونیورسٹی کے 12ویں کانووکیشن میں سینیٹر عبد الحسیب خان ،سابق کمشنر شعیب صدیقی،ممبرز بی او جی پنجاب گروپ آف کالجز سہیل افضل ،پروفیسر ڈاکٹر منصور احمد اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔صدر اور وی سی ماجو ڈاکٹر زبیر احمد شیخ نے مہمانوں کا استقبال کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر زبیر احمد شیخ نے کہا کہ آج فخر کا دن ہے کہ مینجمنٹ سائنسز میں پانچ طلبا اور کمپیوٹر سائنس میں تین طلبا کو پی ایچ ڈی کی اسناد دی جا رہی ہیں۔
جو یونیورسٹی کی تعلیمی ترقی کا واضح ثبوت ہے ،انہوں نے بتایا کہ محمد علی جناح یونیورسٹی نے گزشتہ برسوں میں بین الاقوامی تعاون کے متعدد اہم معاہدے کیئے ہیں جس کے نتیجے میں طالب علموں کے لیے اسٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرامز اور بیرونِ ملک تعلیمی مواقع میں اضافہ ہوا ہے ۔ ڈاکٹر زبیر شیخ نے کہا کہ امریکہ، کینیڈا، یورپ اور دیگر ممالک کی جامعات نے ماجو کی اسناد کو باضابطہ تسلیم کرنا شروع کردیا ہے ، جو ادارے کی بڑھتی ہوئی عالمی ساکھ کا ثبوت ہے ۔سینیٹر عبدالحسیب نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم کو صرف ڈگری تک محدود نہ رکھیں بلکہ عملی زندگی میں ذمہ دار شہری کا کردار ادا کریں۔