تبدیلی استعمال اراضی : ہزاروں پلاٹس کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کا منصوبہ

 تبدیلی استعمال اراضی : ہزاروں پلاٹس کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کا منصوبہ

ادارہ ترقیات کی غیر اعلانیہ ٹارگیٹڈ کارروائیوں کی تیاریاں مکمل ،افسران نے شہر میں بڑی کارروائی کے لیے نوٹسز کا ڈرافٹ تیار کرنا شروع کردیاادارے کے ایک سابق ریٹائرڈ افسر مس یوز آف پلاٹ کے نوٹسز جاری کرکے شہر سے مبینہ طور پر کروڑوں روپے بٹور کر روانہ ہوچکے ہیں،ذرائع

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ادارہ ترقیات نے غیر اعلانیہ ٹارگیٹڈ کارروائیوں کی تیاریاں مکمل کرلیں، تبدیلی استعمال اراضی پر شہر کے ہزاروں پلاٹوں کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا، افسران نے شہر میں بڑی کارروائی کیلئے نوٹسز کا ڈرافٹ تیار کرنا شروع کردیا، مس یوز آف پلاٹس پر شروع کی جانے والی کارروائیوں کے لیے افسران نے تیاری کرلی ہے ، ممبر ایڈ منسٹریشن کی نگرانی میں نوٹسز کا ڈرافٹ اور آپریشن کا لائحہ عمل طے کیا جارہا ہے ۔کے ڈی اے کے اندرونی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ادارے کے ایک سابق ریٹائرڈ افسر مس یوز آف پلاٹ کے نوٹسز جاری کرکے شہر سے مبینہ طور پر کروڑوں روپے بٹور کر روانہ ہوچکے ہیں، اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ تین سال قبل گورننگ باڈی سے اس سلسلے میں منظوری لی گئی تھی اور اس کے بعد سے افسران مذکورہ منظور کیے گئے گورننگ باڈی کے فیصلے کو مبینہ طور پر ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرتے رہے ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ منسوخ شدہ پلاٹوں کی بحالی سے حاصل ریونیو کے لیے کے ڈی اے میں کوئی اکائونٹ بھی نہیں کھولا جاسکا ہے جس سے واضح ہوسکے کہ اس مد میں کتنی آمدنی ادارے کو حاصل ہوسکی ہے ۔ سرکلر کے مطابق مس یوز آف پلاٹس پر الاٹمنٹ منسوخ کی جائے گی جبکہ اس کی بحالی کے لیے 100 روپے کے اسٹیمپ پیپر پردوبارہ مس یوز آف پلاٹ نہ کرنے کا حلف نامہ جمع کرانا ہوگا جبکہ بحالی کے چارجز بھی ادا کرنا ہونگے جس کیلئے 6 مختلف کیٹیگریز بنائی گئی ہیں۔ کیٹگیری 1 میں جن علاقوں کو شامل کیا گیا ہے اس میں اسکیم ون اے ،فائیو، سیون، الیون اور24 بوہری بازار،شارع فیصل، الہلال، سندھی مسلم، دھوراجی اور اس سے ملحقہ سوسائٹیز شامل ہیں جن کی بحالی کی فیس5 ہزارروپے اسکوائر یارڈ رکھی گئی ہے۔

کیٹیگری2 میں اسکیم ٹو،36 ناظم آباد شامل ہیں اور کیٹیگری 3 میں اسکیم16 خدادا کالونی شامل ہیں مذکورہ دونوں کیٹگیری میں منسوخ کی گئی الاٹمنٹ کی بحالی کی فیس 3 ہزار روپے اسکوائر یارڈ رکھی گئی ہے۔ کیٹیگری4 میں نارتھ کراچی ٹائون شپ شامل ہے جس میں منسوخ کی گئی الاٹمنٹ کی بحالی فیس ڈھائی ہزار روپے اسکوائر یارڈ مقرر کی گئی ہے ۔اسی طرح کیٹگیری 5 میں اسکیم33،میٹروول I,II,III ، شاہ فیصل کالونی،ملیر ٹائون شپ شامل ہیں جس میں پلاٹوں کی بحالی کے چارجز فیس1500 روپے اور کیٹیگری6 جس میں اسکیم 41، کورنگی لانڈھی، قصبہ، قصبہ میٹروول شامل ہیں ان کے منسوخ کی گئی الاٹمنٹ کی بحالی کی فیس بھی1500 روپے مقرر کی گئی ہے ،جاری سرکلر میں ڈائریکٹر ریکوری کو اہم ٹاسک دیا گیا ہے کہ مکمل چالان جمع نہ ہونے تک پلاٹ کی ری اسٹوریشن نہ کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں