کالجوں کے مالی معاملات ،گائیڈ بک چھاپنے کافیصلہ

کالجوں کے مالی معاملات ،گائیڈ بک چھاپنے کافیصلہ

کتاب 1ہزار صفحات پرمشتمل ہوگی، عید کے بعد چھاپی جائے گی :ڈی پی آئی

لاہور(عاطف پرویز) کالج کے انتظامی اور مالی معاملات کیسے چلانے ہیں ؟ محکمہ ہائر ایجوکیشن نے کالج سربراہان کیلئے گائیڈ بک چھاپنے کا فیصلہ کر لیا ۔ کتاب ایک ہزار صفحات پر مشتمل ہوگی ۔عید کے بعد پرنٹ ہوگی ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے کالجز کے انتظامی اور مالی معاملات کو بہتر کرنے کیلئے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں کالج پرنسپل کی معاونت کے لیے رہنما کتاب چھاپی جائیگی۔ کتاب میں کالجز کے مالی اور انتظامی معاملات کے حوالے سے محکمہ ہائر ایجوکیشن اور پیپرا سمیت دیگر فنڈز کے مصرف کے حوالے سے گائیڈ لائن شامل ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کالج پرنسپل کی تربیت نہ ہونے کی وجہ سے جہاں انتظامی مسائل سامنے آتے ہیں، وہاں آڈٹ پیراز بھی لگتے رہے ہیں۔ان مسائل کو دیکھتے ہوئے محکمہ ہائر ایجوکیشن نے گائیڈ بک چھاپنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ڈی پی آئی کالجز ڈاکٹر عاشق حسین کا کہنا ہے کہ محکمہ ہائر ایجوکیشن نے گائیڈ بک کیلئے مواد تیار کرلیا ۔صوبے کے سات سو نوے کالجز کیلئے ایک ہزار گائیڈ بکس چھاپی جائینگی ،عید کے بعد بک کیلئے ٹینڈر دیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں