عید ایام میں واسا افسروں کی حاضری سخت رکھنے کا فیصلہ
سیوریج اور بارشی پانی کی نکاسی کے انتظامات پہلے سے مکمل کرنے کی ہدایت
لاہور (سٹاف رپورٹر سے ) وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت عیدالاضحیٰ سے متعلق واسا کی تیاریوں بارے اہم اجلاس ہوا۔عید کے ایام میں فیلڈ افسران کی موجودگی یقینی بنانے اور حاضری سخت رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ عیدالاضحیٰ کے ایام میں صوبہ بھر میں پانی کی فراہمی کے اوقات کار بڑھائے جائیں گے ۔ صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ بلال یاسین نے تمام شہروں میں ڈرینج، سیوریج اور بارشی پانی کی نکاسی کے انتظامات پہلے سے مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو نالوں میں پھینکنے والوں کیخلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔اہم مقامات، گنجان آبادیوں اور نشیبی علاقوں میں خصوصی ٹیمیں تعینات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے ڈی جی واسا پنجاب کو اپنی تمام مشینری، افرادی قوت اور فیلڈ ٹیمیں مکمل طور پر الرٹ رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو بدبو، تعفن اور پانی جمع ہونے سے بچانے پر فیلڈ ٹیمیں متحرک نظر آنی چاہیں۔ عیدالاضحیٰ کے دوران شہریوں کو بہترین نکاسی آب کے انتظامات اور پانی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔