سرکاری سکولوں کے اساتذہ کو انگریزی سکھانے کیلئے پروگرام کاآغاز

سرکاری سکولوں کے اساتذہ کو انگریزی سکھانے کیلئے پروگرام کاآغاز

پروگرام کے ذریعے اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا :حکام

لاہور(خبر نگار)پنجاب کے سرکاری سکولوں کے ہزاروں اساتذہ کو انگریزی زبان سکھانے کے لیے سپوکن انگلش لینگوئج پروگرام کا آغاز کر دیا گیا۔ پروگرام کے تحت اساتذہ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق انگریزی بولنے ، لکھنے اور تدریسی مہارتوں سے آراستہ کیا جائے گا۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق انگلش لینگوئج پروفیشنسی پروگرام بین الاقوامی ادارے برلٹز اور این آر ٹی سی کے اشتراک سے شروع کیا جا رہا ہے ، جبکہ پہلے مرحلے میں 35 ہزار اساتذہ کو اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور وہ کلاس رومز میں طلبہ کی بہتر انداز میں رہنمائی کر سکیں گے ۔حکام کے مطابق ٹریننگ کے آغاز سے قبل اساتذہ کی موجودہ انگریزی مہارت کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ پروگرام میں شرکت کے لیے اسیسمنٹ گوگل فارم مکمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔پیکٹا حکام کے مطابق تربیتی سیشنز قریبی نامزد کردہ ڈسٹرکٹ پیکٹا ہیڈ آفسز یا سرکاری سکولوں میں منعقد کیے جائیں گے ۔ کلاسز ہفتے میں دو مرتبہ ہوں گی جبکہ ہر سیشن کا دورانیہ 2 گھنٹے 15 منٹ رکھا گیا ہے ۔مزید بتایا گیا ہے کہ منتخب اساتذہ کے لیے ہر سیشن میں سو فیصد حاضری لازمی ہوگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں