واٹر ٹینکوں کی جگہ تفریحی مقامات بحال نہ ہو سکے

واٹر ٹینکوں کی جگہ تفریحی مقامات بحال نہ ہو سکے

وارث روڈ گراؤنڈ کی بحالی ابھی تک مکمل نہ ہو سکا، گراؤنڈ میں سبزہ دکھائی نہیں دیتا

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانے اور اسے مستقبل کے استعمال کے لیے محفوظ بنانے کی غرض سے پنجاب حکومت نے لاہور کے مختلف پارکس اور گراؤنڈز میں زیر زمین واٹر ٹینکس تعمیر کیے ۔ منصوبے کا بنیادی تصور یہ تھا کہ تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد ان مقامات کو نہ صرف ان کی سابقہ حالت میں بحال کیا جائے گا بلکہ مزید سہولیات فراہم کرکے انہیں پہلے سے بہتر بنایا جائے گا۔وارث روڈ گراؤنڈ بھی انہی منصوبوں کا حصہ بنا جہاں زیر زمین واٹر ٹینک کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے ، تاہم گراؤنڈ کی بحالی کا مرحلہ ابھی تک مکمل نہیں ہو سکا۔ اس وقت گراؤنڈ میں سبزہ دکھائی نہیں دیتا، درخت اور پودے موجود نہیں، شہریوں کے بیٹھنے کے لیے بینچز نصب نہیں کیے گئے جبکہ کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کے لیے دستیاب سہولیات بھی ختم ہو چکی ہیں۔ایک وقت تھا جب اس گراؤنڈ میں نوجوان باقاعدگی سے کرکٹ کھیلتے تھے ، مختلف عمر کے افراد چہل قدمی کے لیے آتے تھے اور یہ مقام علاقے کی اہم تفریحی سرگرمیوں کا مرکز سمجھا جاتا تھا، لیکن تعمیراتی سرگرمیوں کے بعد یہ تمام سرگرمیاں تقریباً ختم ہو کر رہ گئی ہیں۔ گراؤنڈ میں قائم کرکٹ اکیڈمی بھی فعال نہیں رہی جبکہ کھلی جگہ اب زیادہ تر مٹی کے وسیع میدان کا منظر پیش کرتی ہے ۔دوسری جانب واسا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ کی بحالی کے لیے درکار فنڈز پی ایچ اے کو منتقل کیے جا چکے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق پارک اور گراؤنڈ کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے ڈیزائن بھی تیار کر لیا گیا ہے۔

 جس کے تحت سبزہ، شجرکاری اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔واسا حکام کا دعویٰ ہے کہ آئندہ مالی سال کے دوران بحالی کا کام مکمل کرکے گراؤنڈ کو دوبارہ شہریوں کے حوالے کر دیا جائے گا، تاکہ بارشی پانی محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کو تفریح، ورزش اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے بہتر ماحول بھی میسر آ سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں