آن لائن رجسٹریشن ، داخلہ فارم جمع کرانے کے شیڈول میں توسیع
کمیٹی آف چیئرمین کی پی بی سی سی کی پیشگی منظوری کی توقع پر نئے ترمیمی شیڈول کی منظوری
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین نے نویں جماعت تعلیمی سیشن 2026-2028 کے باقاعدہ طلبہ کے لیے آن لائن رجسٹریشن اور داخلہ فارم جمع کرانے کے شیڈول میں باضابطہ توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔ یہ اہم فیصلہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان اور لاہور بورڈ کی جانب سے موصول ہونے والی تجاویز پر طلبہ، والدین اور تعلیمی اداروں کے وسیع تر عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرپرسن پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین نے پی بی سی سی کی پیشگی منظوری کی توقع پر نئے ترمیمی شیڈول کی منظوری دے دی ہے ، جس کا اطلاق لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام تعلیمی بورڈز پر فوری طور پر ہوگا۔ نویں جماعت کے باقاعدہ طلبہ کے لیے بغیر لیٹ فیس کے داخلہ فارم جمع کروانے کی سابقہ تاریخ (25 اپریل سے 08 مئی) کو بڑھا کر اب 22 جون 2026 مقرر کر دیا گیا ہے ۔بشمول لیٹ فیس داخلہ فارم،بغیر لیٹ فیس کی تاریخ گزرنے کے بعد، 600 روپے فی طالب علم لیٹ فیس کے ساتھ داخلہ فارم 23 جون 2026 سے 07 جولائی 2026 تک جمع کروائے جا سکیں گے ۔