محکمہ صحت:سکیموں کیلئے 81ارب بجٹ مختص کرنیکی تجویز
مریم نواز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کیلئے 14 ارب مختص کرنیکی تجویز شامل
لاہور (بلال چودھری )پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری کی طرف بڑھ رہی ہے ۔ 2026-27 کے مالی سال کیلئے صحت کی 24 نئی ترقیاتی سکیموں کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان سکیموں کیلئے مجموعی طور پر 81 ارب روپے سے زائد بجٹ مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ صرف 2026-27 میں ہیلتھ سکیموں کیلئے 26 ارب 45 کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔بڑے منصوبوں میں گوجرانوالہ میں مریم نواز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کیلئے 14 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز شامل ہے ۔ میانوالی میں مریم نواز میڈیکل کالج اور ٹیچنگ ہسپتال قائم کیا جائے گا۔ بہاولپور چلڈرن ہسپتال کے قیام پر مجموعی طور پر 23 ارب 37 کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان میں کلثوم نواز کینسر ہسپتال قائم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے ۔لاہور میں میو ہسپتال کے اے وی ایچ بلاک کی تعمیرِ نو کیلئے 3 ارب 50 کروڑ اور او پی ڈی کی بحالی کیلئے 3 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے ۔ لاہور چلڈرن ہسپتال کی فارمیسی سٹور کی تعمیر کیلئے 95 کروڑ 27 لاکھ اور پیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ کی اپ گریڈیشن کیلئے 1 ارب 27 کروڑ مختص کیے جائیں گے ۔ سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی و گائنی بلاک کی لفٹوں کیلئے 7 کروڑ رکھے گئے ہیں۔