علی پور ،گھری جنگل میں سرکاری رقبہ پر کاشت ناجائز فصل تلف
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)علی پور کے گھری جنگل میں سرکاری رقبہ پر کاشت ناجائز فصل تلف کردی گئی،بے ضابطگی پر فوری محکمانہ اورعدالتی کارروائی کا حکم،افسروں اور عملہ کی دوماہ کیلئے چھٹیاں بند، ہمہ وقت ڈیوٹی پر حاضررہنے کی ہدایت جاری۔
تفصیلات کے مطابق ناظم جنگلات ڈیرہ غازی خان اور ڈویژنل فارسٹ آفیسر مظفر گڑھ نے علی پور کے جنگلات لتی،گھری ، سلطان پور، خانانی، مسن کوٹ، علی والی، مڈ والا اور ڈمبر والا کا دورہ کیا۔ افسروں نے گھری جنگل میں سرکاری اراضی 5 کنال 12 مرلے پر ناجائز کاشت کو اپنی موجودگی میں ہل چلوا کر ختم کردیا۔ اس موقع پر ناظم جنگلات نے سخت ہدایات جاری کیں کہ افسر اور عملہ ہمہ وقت ڈیوٹی پر حاضر رہیں،انہوں نے کہ کہ دو ماہ کیلئے افسروں اور عملہ کی تمام چھٹیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔انہوں نے اس سیزن میں گندم کی ناجا ئزکاشت کو ہر قیمت پر رکوانے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے حکم دیا کہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کی صورت میں فوری محکمانہ اور فوجداری/عدالتی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔