ٹینکر کی ٹکرسے زخمی ہونیوالا مرغی فروش 8روز بعد چل بسا
کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر،نامہ نگار)تیز رفتار ٹینکر کی ٹکرسے زخمی ہونے والا مرغی فروش 8روز موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد گزشتہ روزنشتر ہسپتال میں انتقال کر گیا،مرحوم کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
وزیر والا کا رہائشی محسن رضا جس نے بخاری روڈ پر مرغی کا پھٹہ لگایا ہوا تھا ، 14 اکتوبر کو علی ا لصبح پھٹہ رکشا پر موضع فقیر والی میں مرغی فارم سے مرغیاں لینے جارہے تھا کہ پٹرول پمپ کے نزدیک تیز رفتار ٹینکرنے سامنے سے ٹکر ماری تھی جبکہ نامعلوم ٹینکرڈرائیور ٹینکر موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگیاتھاجس کا تھانہ صدر پولیس نے مقدمہ درج کرلیاتھا۔زخمی محسن رضا کو فوری ابتدائی طبی امداد کے بعدتشویش ناک حالت کے باعث نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا گیا تھا جو 8 روزموت و حیات کی کشمکش میں رہنے بعد گزشتہ روز جان کی بازی ہار گیا ۔مرحوم کی نماز جنازہ اس کے آبائی گاؤں وزیر والا میں ادا کر دی گئی جس میں کوٹ ادو کے سیاسی ،سماجی ، دینی حلقوں اورتاجر برادری سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔